بغداد،9جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق میں گزشتہ شب ایک شیعہ مزار پر دہشت گردانہ حملے کے بعد وزیر اعظم حیدر العبادی نے ملکی سکیورٹی چیف کو برطرف کر دیا ہے۔ اوائل ہفتہ عراق میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم سے کم 292افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔دارالحکومت بغداد سے اسّی کلومیٹر شمال کی جانب واقع شہر بلد میں ایک شیعہ مزار اور ایک قریبی مارکیٹ پر کیے جانے والے اس حملے میں 37افراد ہلاک جبکہ 62 دیگر زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری بھی دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ نے قبول کر لی ہے۔بغداد میں رواں ہفتے کے اوائل میں ہونے والے حملوں میں تقریباً تین سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پر ایک بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ کئی انٹیلی جنس اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔گزشتہ ہفتے ہونے والے بم دھماکوں کے بعد عراقی وزیر داخلہ محمد الغبان نے ازخود اپنے عہدے سے یہ کہتے ہوئے استعفی دے دیا تھا کہ وہ یہ اقدام امن وامان قائم کرنے میں ناکامی اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان کوارڈی نیشن کی کمی کے باعث دے رہے ہیں۔عراق کے سیکیورٹی چیف نے گزشتہ مہینے بغداد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کچلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد امن وامان کی صورتحال مخدوش ہوتی گئی اور اس کا منطقی نتیجہ اعلی سیکیورٹی قیادت کی برطرفی کی شکل میں نکلا۔